نبی صلى اللّٰه عليه وسلم نے فرمایا : لوگ جمعہ چھوڑنے سے باز آجائیں ورنہ اللہ تعالیٰ ان کے دلوں پر ضرور مہر لگا دے گا، پھر وہ غافلوں میں سے ہو جائیں گے۔( صحیح مسلم )
مسجد نبوی ﷺ میں نماز کا منظر
جمعہ کی نماز فرض ہے اور بلاعذر جمعہ کی نماز ترک کرنے والا سخت گناہ گار ہے، احادیثِ مبارکہ میں جمعہ کی نماز چھوڑنے والوں سے متعلق سخت وعیدیں وارد ہوئی ہیں، چنانچہ مشکاۃ شریف کی روایت میں ہے:
’’حضرت عبداللہ بن عمر اور حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہما دونوں راوی ہیں کہ ہم نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنے منبر کی لکڑی (یعنی اس کی سیڑھیوں) پر یہ فرماتے ہوئے سنا ہے کہ لوگ نمازِ جمعہ کو چھوڑنے سے باز رہیں، ورنہ اللہ تعالیٰ ان کے دلوں پر مہر لگادے گا اور وہ غافلوں میں شمار ہونے لگیں گے‘‘۔
نیز ایک دوسری روایت میں ہے
’’حضرت ابی الجعد ضمیری راوی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو آدمی محض سستی وکاہلی کی بنا پر تین جمعے چھوڑدے گا۔ اللہ تعالیٰ اس کے دل پر مہر لگائے دے گا‘‘۔ (سنن ابوداؤد، جامع ترمذی ، سنن نسائی، سنن ابن ماجہ)
مشکاۃ شریف کی ایک اور روایت میں ہے
’’حضرت عبداللہ ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہ راوی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’جو آدمی بغیر کسی عذر کے نماز جمعہ چھوڑ دیتا ہے وہ ایسی کتاب میں منافق لکھا جاتا ہے جو نہ کبھی مٹائی جاتی ہے اور نہ تبدیل کی جاتی ہے‘‘. اور بعض روایات میں یہ ہے کہ ’’جو آدمی تین جمعے چھوڑدے.‘‘ (یہ وعید اس کے لئے ہے)۔
اس حدیث کی تشریح میں صاحب مظاہر حق لکھتے ہیں
’’مطلب یہ ہے کہ ترکِ جماعت کے جو عذر ہیں مثلاً کسی ظالم اور دشمن کا خوف، پانی برسنا، برف پڑنا یا راستے میں کیچڑ وغیرہ کا ہونا وغیرہ وغیرہ اگر ان میں سے کسی عذر کی بنا پر جمعہ کی نماز کے لیے نہ جائے تو وہ منافق نہیں لکھا جائے گا، ہاں بغیر کسی عذر اور مجبوری کے جمعہ چھوڑنے والا منافق لکھا جائے گا. حاصل یہ ہے کہ نمازِ جمعہ چھوڑنے والا اپنے نامہ اعمال میں کہ جس میں نہ تنسیخ ممکن ہے اور نہ تغیر وتبدل، منافق لکھ دیا جاتا ہے، جس کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ اس کے ساتھ نفاق جیسی ملعون صفت ہمیشہ کے لئے چپک کر رہ جاتی ہے؛ تاکہ آخرت میں یا تو اللہ تعالیٰ اس کی وجہ سے اسے عذاب میں مبتلا کردے یا اپنے فضل وکرم سے درگزر فرماتے ہوئے اسے بخش دے۔ غور وفکر کا مقام ہے کہ نمازِ جمعہ چھوڑنے کی کتنی شدید وعید ہے؟ اللہ تعالیٰ ہم سب کو اپنے عذاب سے محفوظ رکھے‘‘۔
ان احادیث سے جمعہ کی نماز کی اہمیت کا علم ہوتا ہے، نیز ترکِ جمعہ پر جو وعیدیں وارد ہیں وہ بھی ان روایات میں واضح طور پر مذکور ہیں۔ البتہ سستی، کاہلی اور غفلت کی وجہ سے اگر کسی سے نمازِ جمعہ چھوٹ جائے تو اس سے نکاح نہیں ٹوٹتا۔
واللہ تعالیٰ اعلم
فتوی نمبر: 144010200670
دارالافتاء: جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن
(تدوین: ایس اے ساگر)
Leave a Reply