گلوکار و موسیقار بپی لہری، جنہیں بالی ووڈ انڈسٹری میں ‘گولڈن مین’ بھی کہا جاتا ہے، کی ملکیت میں موجود سونے کی تفصیلات منظر عام پر آ گئیں۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق 8 سال پہلے گلوکار و موسیقار 2014 میں سیاست کے میدان میں قدم رکھتے ساتھ ہی الیکشن کمیشن میں اپنے اثاثوں کی تفصیلات جمع کروائیں تھیں جس کے مطابق مرحوم بپی لہری 752 گرام سونے اور 4.62 کلو چاندی کے مالک تھے جن کی مالیت 80 لاکھ روپے بنتی ہے۔
ذرائع کے مطابق بپی لہری نے کل 22 کروڑ روپے کی جائیداد چھوڑی ہے۔ ان کی سالانہ آمدنی 2 کروڑ 2 لاکھ روپے تھی۔ گلوکار نے مختلف شعبوں میں مجموعی طور پر 11 کروڑ 3 لاکھ روپے کی سرمایہ کاری کی تھی۔
مزید پڑھیے: جان ابراہیم ایک فلم کے کتنے پیسے لیتے ہیں
27 نومبر 1952 کو مغربی بنگال کے جلپائی گوڑی میں پیدا ہونے والے بپی لہری کا حقیقی نام آلوکیش لہری تھا۔ اپریش لہری ان کے والد کا نام اور بنساری لہری ان کی والدہ کا نام تھا۔ گلوکار و موسیقار نے صرف تین سال کی عمر میں طبلہ بجا کر سب کو حیران کر دیا تھا اور پھر ان کے والد نے باقاعدہ تربیت کا آغاز کر دیا۔ بالی ووڈ انڈسٹری کو ڈسکو اور راک موسیقی سے متعارف کروانے والے بپی لہری نے نوجوانوں کو اپنی دھنوں پر رقص کرنے پر مجبور کردیا تھا۔
مشہور موسیقار اور گلوکار بپی لہری نے 80 کی دہائی میں بالی ووڈ فلموں کو کئی یادگار گانوں کا تحفہ دے کر اپنی الگ پہچان بنائی۔ اس کے علاوہ چھوٹی بڑی فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر بھی دکھائے۔ آخری بار انہوں نے 2020 میں فلم باغی 3 کے لئے گانا گایا تھا۔
بپی لہری نے انتہائی کم عمری میں ہی متعدد مشہور فلموں میں شاندار نغمے گا کر بلندیوں کو چھو لیا اور انڈسٹری میں ایک بڑے فنکار کے طور پر اپنا مقام بنا لیا۔ ان کے انتقال سے ان کے چاہنے والوں کے ساتھ ساتھ پوری انڈسٹری بھی سوگ منا رہی ہے۔
Leave a Reply