اہم شخصیات کے خلاف آرٹیکل 6 کی کاروئی متوقع

اسلام آباد(وائس ٹی وی یو کے) وفاقی حکومت نے پی ٹی آئی کی اہم شخصیات کے خلاف آرٹیکل 6کے تحت ریفرنس کی تیاری شروع کر دی . تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ،صدر عارف علوی سابق ڈپٹی سپیکر قاسم سوری اور گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کاروائی کی جائے گی.

آرٹیکل 6 کے تحت غیر آئینی کام سر انجام دینے یا سہولت کاری پر مجرم پر سنگین غداری کا مقدمہ درج ہوگا جس کے بعد قانون کے تحت سخت سے سخت سزا سنائی جائے گی.

حکومت نے سابق ڈپٹی سپیکر قاسم سوری کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے موقع پررولنگ دینے کے فیصلے کو بنیاد بناکر آرٹیکل 6کے تحت کاروائی کا فیصلہ کیا ہے .جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے اسمبلی تحلیل کرنے کے واقعے کو بنیاد بنا کر آرٹیکل6کے تحت ریفرنس دائر کیا جائے گا.

مزید پڑھیں‌: عمران خان کیلئے الیکشن کمیشن سے بری خبر آ گئی

صدر عارف علوی پر وفاقی کابینہ سے حلف نہ لینے اور حمزہ شہباز بارے عدالتی احکامات نہ ماننے جبکہ گورنر پنجاب کے خلاف حمزہ شہباز سے حلف نہ لینے کے معاملے پر مقدمہ درج کرایا جائے گا.

اس سے قبل لاہور ہائی کورٹ نے گورنر عمر سرفراز چیمہ کو خود حلف لینے یا پھر کسی نمائندے کے ذریعہ حلف لینے کا کہا تھا جس کی ڈیڈ لائن ختم ہو چکی ہے. اپنے حکم میں عدالت نے صدر کو بھی ایک نوٹس جاری کرتے ہوئے حلف کیلئے کسی کو مختص کرنے کا کہا تھا.

دوسری جانب حمزہ شہباز سے حلف لینے کے عدالتی فیصلے کی ڈیڈ لائن گزر جانے پر ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا . ان کا کہنا تھا کہ اگر بنی گالہ کے بھوت باتوں سے نہیں مانتے تو ان سے سختی سے نمٹا جائے.

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے کو مذاق بنا رکھا ہے . مریم نواز کا کہنا تھا کہ عدالت کے واضح احکامات کے باوجود آئین و قانون کو اس طرح سے توڑنے پر عمران خان کے خلاف آرٹیکل6 کے تحت سنگین غداری کا مقدمہ چلنا چاہیے.

حکومت کی جانب سے ممکنہ آرٹیکل 6 کے تحت ریفرنس دائر کرنے کی خبر پر ابھی پی ٹی آئی کی جانب سے کوئی رد عمل ںہیں‌آیا.