آزاد کشمیر کے حوالے سے وزیراعظم نے بڑے اعلانات کر دیے

اسلام آباد: آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے آزاد کشمیر میں بین الاقوامی ہوئی اڈے اور بلٹ ٹرین کے قیام کا اعلان کر دیا۔

آزاد جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے اعلان کیا کہ خواتین کے لیے خصوصی اقتصادی زون قائم کیا جائے گا، جبکہ کاٹیج انڈسٹری کے قیام کے لیے 500 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں۔

وزیراعظم سردار تنویر نے مزید کہا کہ صحافیوں اور میڈیا انڈسٹری کے لیے 340 ملین روپے کے فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر میں ایک نجی ایئرلائن شروع کی جائے گی جب کہ ایک بین الاقوامی ایئرپورٹ بھی بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد سے مظفرآباد تک بلٹ ٹرین کا منصوبہ شروع کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے بجٹ میں کٹوتی کے لیے قومی سلامتی کے اداروں کی جانب سے فراہم کی جانے والی مدد کا بھی اعتراف کیا اور مزید کہا کہ بین الاقوامی ائیرپورٹ اور بلیٹ ٹرین کی وجہ سے علاقہ میں سیاحت اور اقتصادی ترقی کو فروغ ملے گا اور ملک کے دیگر علاقوں کے ساتھ رابطے کو بہتر بنائے گا۔

آزاد جموں و کشیر کے وزیراعظم نے مزید کہا کہ میرپور میں 500 بستروں کا ماڈل اسپتال بنایا جائے گا، مہاجرین کے رہنے کے الاؤنس میں 1500 روپے کا اضافہ کیا جائے گا۔ دریں اثنا، وزیراعظم نے تین بڑے شہروں میں آئی ٹی ٹریننگ سینٹرز قائم کرنے کا اعلان کیا۔

سردار تنویر نے یہ بھی اعلان کیا کہ آزاد کشمیر میں ایک سال تک بجلی کے نرخوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا۔

یاد رہے اس وقت آزاد جموں و کشمیر میں تحریک انصاف اور ان کے اتحادی جماعتوں کی حکومت قائم ہے جبکہ صوبہ خیبر پختوں خواہ میں بھی تحریک انصاف کی حکومت قائم ہے جو وزیراعلی محمود خان کی سربراہی میں اپنا کام سر انجام دے رہی ہے۔