بلاول بھٹو ، نواز شریف کی لندن میں ملاقات

لندن(وایس ٹی وی یوکے) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی پاکستان مسلم لیگ(ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف سے جمعرات کو لندن میں ملاقات ہوئی جس میں چیئرمین سینیٹ ، گورنر پنجاب کے عہدوں کے حوالے کے علاوہ دیگر معاملات پربات چیت کی گئی. مزید برآں سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان سے نجات مقام شکر ہے اور اس وقت معیشت کی بحالی بہت بڑا چیلنج ہے.

ملاقات میں بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ پاکستان پیپلزپارٹی کے وفد میں شیری رحمان، نوید قمر، قاسم گیلانی اور قمر زمان کائرہ شامل تھے.

حسن نواز اور حسین نواز نے بلاوال بھٹو زرداری اور ان کے وفد کا استقبال کیا.

پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان سے قوم کو نجات دلانا بہت ضروری تھا کیونکہ اس نے غنڈہ گردی اور بدتمیزی کے کلچر کو فروغ دیا اور پاکستان کی اکانومی کو تباہ کر دیا ہے. اس کو بہتر ہو نے میں کافی وقت لگے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان جس مشکلات سے گزر رہا اس کی مثال نہیں ملتی عمران خان نے ملک کا بیڑا غرق کر دیا ہے. پاکستان کو دوبارہ سیدھی راہ پر گامزن کرنا ہو گا اور اس کے لیے کافی وقت درکار ہے. معیشت کو ٹھیک کرنا ہماری اولین چیلنج ہے. عمران خان نے ہر مقام پر یوٹرن لے کر ملک کو خوشحالی کی پٹری سے اتار دیا ہے. پاکستان اس لیے نہیں بنا تھا کہ اس کا یہ حشر کر دیا جائے. ہمارے دور میں خوشحالی تھی ملک ترقی کی راھ پر گامزن تھا. عمران خان کی حکومت میں الزام تراشی کے علاوہ کوئی فلاحی اور ترقیاتی کام نہیں کیے گئے.

میاں محمد نواز شریف کا مزید کہنا تھا کہ تمام اتحادی جماعتوں کو مل کر ملک کیلئے کام کرنا ہو گا اور اس کو دوبارہ ایک خوشحال ملک بنانا ہو گا. ہمارے دور میں پاکستان نے ترقی کی تھی اور اب ہمارے دور میں پھر پاکستان ترقی کی طرف گامزن ہو گا اور ہر طرف خوشحالی ہوگی. قوم اور قوم کی دعائیں ہمارے ساتھ ہیں. بلاول بھٹو کی آمد کیلئے میں انکا مشکور ہوں. چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے میاں محمد نواز شریف کو تحریک عدم اعتماد کو کامیاب بنانے، سلیکٹڈ حکومت کے خاتمے، وزیراعظم اور پنجاب کے وزیراعلیٰ کے انتخابات میں کامیابی پر مبارک باد بھی پیش کی.

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ نوازشریف اور ان کے ساتھیوں کا شکر گزار ہوں اور ہم نے مل کر ایک بار پھر تاریخ رقم کردی ہے. ہم نے سلیکٹڈ راج کو ختم کرکے تاریخی کام کیا ہے. ہم نے بغیر کسی ادارے کی مدد سے ایک غیر جمہوری شخص کو شکست دی جو ہم پر مسلط کیا گیا تھا .

ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال ہوا جبکہ بلاول بھٹو زرداری اور میاں نواز شریف نے قومی سیاسی معاملات میں افہام و تفہیم اور اتفاق رائے سے ساتھ چلنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

مزید پڑھیں :عمران خان کی جان کو خطرہ، وزیر اعظم شہباز شریف کا عمران خان کی سیکیورٹی فول پروف بنانے کا حکم

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے مزید کہا کہ میاں نواز شریف کا جمہوریت کیلئے کردار بے مثال ہے، چارٹر آف ڈیمو کریسی کے تحت پاکستان ایک صحیح سمت میں چل رہا تھا، میاں صاحب سے بہت ضروری ملاقات ہے، ہم نے ایک بار پھر پاکستان کو جمہوریت کی بحالی کی طرف لے کر جانا ہے۔

ان کا مزید یہ کہنا تھا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی سمیت مختلف مسائل کا مل کر حل تلاش کرنا ہوگا کیونکہ پاکستان کو ہم نے جمہوریت کی بحالی کی طرف لے کر جانا ہے.

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے پاکستان پیپلز پارٹی سے جو کچھ ہو سکا وہ کرے گی کیونکہ ان کی پارٹی کا مقصد ہی پاکستان کو خوشحال بنانا ہے. اور بلاوال بھٹوزرداری نے نوازشریف کی جمہوریت کیلئے قربانیوں کی تعریف بھی کی.

مزید پڑھیں: اسلام آباد ہائی کورٹ کا عمران خان کو ملنے والے تحائف کی تفصیلات پبلک کرنے کا حکم