اللہ تعالٰی نے قرآن مجید میں سورہ التین میں زیتون کے پھل کی قسم کھائی ہے- اس کے علاوہ سورہ الانعام، سورہ النحل، سورہ النور، سورہ المومنون میں الله رب العزت نے زیتون کے درخت کو برکت والا درخت قرار دیا ہے- کلام الله میں اس پھل کے تذکرے نے اس کی شہرت کو دوام بخشا جبکہ نبی کریم صلی الله علیہ وسلم نے اسے بشتر بیماریوں کا علاج قرار دیا ہے-
رسول اللہ ؐ نے ارشاد فرمایا، “زیتون کا تیل کھاؤ اوراسے لگاؤ کیونکہ یہ پاک صاف اور مبارک ہے۔” (ابن ماجہ۔ حاکم)
حضرت ابو ہریرہؓ سے مروی ہے کہ رسول اللہ ؐ نے ارشاد فرمایا کہ “زیتون کے تیل کو کھایا کرو اور اس کا تیل لگایا کروکیونکہ اس میں ستر بیماریوں کیلئے شفاء ہے۔”
زیتون کو کرہ ارض کا قدیم ترین درخت سمجھا جاتا ہے اور اسے جنت کا پھل بھی کہا جاتا ہے جبکہ مسلم ریاستوں میں یہ درخت کثرت سے پایا جایا ہے اور اس کا پھل ان علاقوں کے باشندوں کے لئے خوراک کا اہم حصہ ہے ۔ اس پھل کے بے شمار قدرتی فائدے ہیں جو ذیل میں درج ہیں:
زیتون کے تیل کو سر پر لگانے کا فائدہ
جو لوگ باقاعدگی سے یہ تیل سر پر لگاتے ہیں، نہ تو ان کے بال گرتے ہیں اور نہ ہی جلد سفید ہوتے ہیں۔ اس کی مالش سے داد اور بھوسی زائل ہو جاتے ہیں۔ کان میں پانی پڑا ہو تو زیتون کا تیل ڈالنے سے یہ پانی نکل جاتا ہے۔ اطباء نے لکھا ہے کہ اس کی سلائی باقاعدہ آنکھ میں لگانے سے آنکھ کی سرخی کٹ جاتی ہے اور موتیا بند کو کم کرنے میں مفید ہے۔
جسم پر مالش کے اثرات اور فوائد
زیتون کے تیل کی مالش کرنے سے اعضاء کو قوت حاصل ہوتی ہے۔ پھٹوں کا درد جاتا رہتا ہے۔ بعض طبیب اس کی مالش کو مرگی کے لئے بھی مفید قرار دیتے ہیں۔ وجع المفاصل اور عرق النساء کو دور کرتا ہے۔ چہرے کو بشاشت دیتا ہے۔ اسے مرہم میں شامل کرنے سے زخم بہت جلد بھرتے ہیں۔ ناسور کو مندمل کرنے میں کوئی دوائی زیتون سے بہتر نہیں۔
زیتون کے تیل سے قبض کا علاج
اکیس تولہ جو کے پانی میں روغن زیتون ملا کر پینے سے پرانی قبض جاتی رہے۔ تیل پینے سے معدہ اور آنتوں کے اکثر امراض جاتے رہتے ہیں۔ پیٹ کے کیڑے مارتا ہے۔ گردہ کی پتھری توڑ کر نکال سکتا ہے۔ استسقاء میں بھی مفید ہے۔ جسمانی کمزوری کو رفع کرتا اور پیشاب آور ہے۔
امراض تنفس اور زیتون کا تیل
نبی کریم صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم نے ذات الجنب میں زیتون کا تیل ارشاد فرمایا۔ اس اصول کو سامنے رکھ کر سانس کی ہر بیماری کے مبتلا کو زیتون کا تیل ضرور دیا گیا۔ دمہ کے مریضوں کی بیماری میں جب کمی آ جائے تو آئندہ اس قسم کے حملوں سے محفوظ رکھنے کے لئے زیتون کے تیل سے بہتر دوا میسر نہ آ سکی۔
انفلوئنز اور زکام والوں کو باقاعدہ زیتون کا تیل پینے سے نہ ہی ان کو زکام لگتا ہے اور نہ ہی نمونیا ہوتا ہے۔ اگر ان کو کبھی انفلوئنزا ہو بھی جائے تو ان کا حملہ بڑا معمولی ہوتا ہے۔ زکام اور دمہ کے دوران اضافی فائدے کے لئے ابلے ہوئے پانی میں شہد بھی مفید ہے۔
زیتون کا تیل قوت مدافعت بڑھاتا ہے اور ذہنی ، اعصابی کمزوری کو دور کرتا ہے آنتوں کی کمزوری اور سوزش ختم کرتا ہے۔ اس میں وٹامن ‘K اور E’ پایا جاتا ہے جبکہ یہ کولیسٹرول سے پاک ہوتا ہے-
Leave a Reply