بیوی کی محبت نے شوہر کو جان خطرے میں ڈالنے پر مجبور کر دیا

محبت اندھی ہوتی ہے اس محاورے کو ویتنام کے ایک شخص نے سچ ثابت کردیا۔

تفصیلات کے مطابق ویتنام سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے اپنی بیوی کی محبت میں اس کی تلاش کے لیے کشتی کے ذریعے بھارت کا 2 ہزار کلومیٹر پر مشتمل سفر کا آغاز کر کے اپنی جان خطرے میں ڈال دی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس شخص نے اپنی بیوی کی تلاش کے لیے تھائی لینڈ سے بھارت کی جانب سے سمندری راستے سے 2 ہزار کلومیٹر کے سفر کا آغاز کیا۔ تاہم، وہ 18 دن تک کشتی چلانے کے باوجود محض 80 کلومیٹر سفر طے کر پایا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فشنگ کرنے والی ایک کشتی کے کپتان کی جانب سے تھالینڈ کی نیوی کو 23 مارچ کو اطلاع دی گئی کہ بیچ سمندر ایک کشتی ساکن کھڑی ہے۔ جس پر ایک شخص سوار ہے اور اس کے پاس کچھ سامان ہے، تاہم، اس شخص کے پاس پینے کے لیے پانی بلکل ختم ہو چکا ہے۔

اس اطلاع کے ملنے کے بعد تھائی لینڈ نیوی نے اس شخص کو بحیرہ انڈمان کے قریب ریسکیو کیا۔

جب اس شخص سے بات کی گئی تو معلوم ہوا کہ اس کا تعلق ویتنام سے ہے اور وہ نہ انگلش بول سکتا ہے اور نہ ہی تھائی زبان بول سکتا ہے۔ تاہم، خطرہ تھا کہ کہیں وہ اپنی زندگی کا خاتمہ نہ کر لے۔ اسی وجہ سے اس کی کشتی کو جہاز کے ساتھ باندھ کر ساحل سمندر پر لایا گیا اور اس شخص کو ریسکیو کیا گیا۔

ریسکیو کیے جانے کے بعد اس شخص سے بات کرنے کے لیے ایک ویتنامی مترجم کی سہولت حاصل کی گئی۔ اس نے مترجم کو بتایا کہ اس کا نام ہوہوانگ ہینگ ہے اور وہ اپنی بیوی کی تلاش کے لیے ممبئی جانے کے لیے نکلا تھا۔

مزید پڑھیں: بیوی کو میرا جسم میری مرضی کا نعرہ لگانا مہنگا پڑ گیا، شوہر نے قتل کر کے لاش جلا دی

اس نے بتایا کہ اس نے یہ فیصلہ بینکاک سے ممبئی کی پرواز نہ ملنے کے بعد کیا۔ اس نے مزید بتایا کہ اس نے 2 ہزار کلومیٹر چپو چلانے کی تیاری کی ہوئی تھی۔ تاہم، وہ 18 دن بعد صرف 80 کلومیٹر سفر ہی طے کر پایا۔ اگر وہ اسی رفتار سے چلتا رہتا تو تقریبا 625 دن میں بھارت پہنچتا۔

ہو ہوانگ کی اپنی بیوی کے ساتھ محبت اور اس کی تلاش کے لیے اپنی زندگی کو خطرے میں ڈالنے کے اس جذبے سے تھائی نیوی بھی متاثر ہوئی۔ تھائی نیوی کی جانب سے ہوہوانگ کے اس جذبے کو سراہتے ہوئے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ جاری کی گئی جس میں لکھا تھا ‘سمندر چاہے کتنا بھی بڑا ہو اس شخص کے سچے پیار کے راستے میں نہیں آ سکتا’۔

مزید برآں، تھائی لینڈ نیوی کے حکام کی جانب سے ہوہوانگ کو عارضی رہائش فراہم کی گئی، اور حکام فیصلہ کر رہے ہیں کہ اس شخص کو اس کی بیوی کے ساتھ کیسے ملوانا ہے۔

،مزید پڑھیں: ٹی وی اداکارہ سجل اور اداکار احد کی طلاق کا معاملہ: احد کی والدہ کی چیٹ لیک