بریکنگ نیوز: پاکستان تحریک انصاف نے اسمبلی سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اسمبلیوں سے مستعفی ہونے اور نئے وزیر اعظم کی انتخاب کے عمل کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان۔

تفصیلات کے مطابق تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد عمران خان وزیر اعظم نہیں رہے تھے جس کے بعد آج نئے وزیر اعظم کا انتخاب ہونا تھا۔ شہباز شریف اور شاہ محمود قریشی وزیر اعظم کے عہدے کے امیدوار ہیں۔ تاہم، آج تحریک انصاف کی جانب سے اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

آج عمران خان خود پارلیمنٹ آئے تو انکی پارلیمانی کمیٹی نے نعروں کے ساتھ انکا استقبال کیا۔ اس دوران سابق وزیر اعظم عمران خان نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ اسمبلیوں سے استعفے دیں گے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ اسمبلی کا حصہ نہیں بن سکتے جہاں ایک ایسے شخص کا بطور وزیر اعظم انتخاب کیا جا رہا ہو جس پر اربوں روپے کرپشن کا الزام ہے۔

اس سے قبل سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کی جانب سے بھی ایک ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ تحریک انصاف کی جانب سے تمام اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اور استعفے وزیر اعظم عمران خان کو بھیج دیے جائیں گے۔

تحریک انصاف کا موقف ہے یہ حکومت بیرونی سازش کے تحت بنائی جا رہی ہے لہذا تحریک انصاف اس کا حصہ نہیں بنے گی اور ملک بھر میں اس کے خلاف احتجاج اور عوامی مہم کا آغاز کرے گی۔ گزشتہ رات بھی عمران خان کی کال پر ملک بھر میں حکومت مخالف احتجاج کیے گئے جس میں عوام کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔
مزید پڑھیں:سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کی عید سے پہلے بڑا معجزہ رونما ہونے کی پیشگوئی

یاد رہے کہ ہفتے کی شب اپوزیشن کی جانب سے جمع کروائی گئی تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد عمران خان وزیر اعظم نہیں رہے اور تحریک انصاف کی حکومت بھی ختم ہوگئی ہے۔ جس کے بعد نئے وزیر اعظم کا انتخاب آج ہوگا۔

اپوزیشن کی جانب سے شہباز شریف اور تحریک انصاف کی جانب سے شاہ محمود قریشی کو وزیر اعظم کے عہدے کے لیے نامز کیا گیا ہے۔ نئے وزیر اعظم کے انتخاب کے لیے ووٹنگ آج دوپہر 2 بجے ہونی تھی۔ تاہم اب تحریک انصاف کی جانب سے نئے وزیر اعظم کے انتخاب کے عمل کا حصہ نہ بننے اور اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کے اعلان کے بعد صرف شہباز شریف ہی وزیر اعظم کے واحد امید وار رہ گئے ہیں۔

تحریک انصاف کی جانب سے شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض اٹھایا گیا تھا تاہم، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے تحریک انصاف کے ان اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے شہباز شریف کے وزارت عظمی کے لیے کاغذات منظور کر لیے تھے۔

مزید پڑھیں:شہباز شریف یا شاہ محمود قریشی؟ پاکستان کے نئے وزیر اعظم کا انتخاب آج ہوگا