بشری بی بی کی قریبی دوست فرح خان کے حوالے سے مزید انکشافات سامنے آگئے

خاتون اول بشری بی بی کی قریبی دوست فرح خان اور خاوند کے نام پر 19 گاڑیاں رجسٹر ہیں، محکمہ ایکسائز کا انکشاف۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی کی قریبی دوست سمجھی جانے والی فرحت شہزادی المعروف فرح خان کے حوالے سے محکمہ ایکسائز نے انکشاف کیا ہے کہ فرح خان کے نام اور انکے شوہر کے نام پر 19 گاڑیاں رجسٹرڈ ہیں۔

ان 19 گاڑیوں میں فرح خان کے نام پر 2 پورشے سمیت کل 12 گاڑیاں رجسٹرڈ ہیں اور باقی 7 گاڑیاں انکے شوہر احسن گجر کے نام پر رجسٹرڈ ہیں۔

نجی خبررساں ادارے جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق فرح خان نے دو پورشے گاڑیاں 2013 اور 2015 میں خریدیں جن پر ایکسائز نے 11 لاکھ 81 ہزار روپے رجسٹریشن فیس وصول کی۔ مزید برآں، فرح خان نے 2019 میں ایک اور پورشے گاڑی خریدنے کے لیے بکنگ کی مد میں 3 کروڑ 60 لاکھ روپے دیے تھے۔

جبکہ جیو نیوز کی جانب سے اپنے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ فرح خان کا ڈیفنس میں موجود گھر بھی انکے اپنے نام پر ہے جس کی مالیت 22 سے 25 کروڑ بتائی جاتی ہے۔

فرح خان کون ہے اور ان پر کرپشن کے کیا الزامات ہیں؟

فرحت شہزادی جو کہ فرح خان اور فرح گجر عرف گوگی کے نام سے بھی جانی جاتی ہیں، عمران خان کی اہلیہ اور خاتون اول بشری بی بی کی قریبی دوست سمجھی جاتی ہیں۔ فرح خان پر پی ٹی آئی کے سابق رہنما علیم خان کی جانب سے کرپشن کے سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

علیم خان کی جانب سے فرح خان پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ پنجاب کے وزیر اعلی عثمان بزدار کے دور حکومت کے دوران فرح خان سرکاری ملازمین بشمول بیوروکریٹس کے تبادلوں کے لیے لاکھوں روپے رشوت لیتی تھیں۔

مزید پڑھیں:کرپشن کے سنگین الزامات پر بشری بی بی کی قریبی دوست فرح خان کا موقف سامنے آگیا

ان الزامات کے سامنے کے بعد گزشتہ دنوں دی نیوز اور جیو سے وابستہ صحافی فخر درانی نے اپنی ایک تحقیقاتی رپورٹ شائع کی ہے جس کے مطابق عثمان بزدار کے دور حکومت میں فرح خان کے اثاثوں میں چار گنا اضافہ ہوا۔

فخر درانی کی رپورٹ کے مطابق سال 2017 میں فرح خان کی جانب سے ظاہر کی گئی دولت 23 کروڑ 16 لاکھ روپے تھی، جو سال 2021 میں 97 کروڑ 10 لاکھ روپے تک پہنچ چکی تھی۔

وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کے دور حکومت میں ہی فرح خان نے مختلف شہروں میں مہنگی جائیدادیں خریدیں۔
مزید برآں، فرح خان نے سال 2019 میں لانچ کی جانے والی ٹیکس ایمنسٹی اسکیم سے بھی فائدہ اٹھایا اور اسکیم کے تحت 32 کروڑ 80 لاکھ روپے کے اثاثے ظاہر کیے۔

دی نیوز کی رپورٹ کے مطابق فرح خان نے لاہور اور اسلام آباد میں مہنگی اور لگژری جائیدادیں خریدیں، جن میں اسلام آباد ایک بنگلہ بھی شامل ہے۔ رپورٹ کے مطابق فرح خان نے اسلام آباد کے سیکٹر ایف 2/7 میں ایک بنگلہ 19 کروڑ 50 لاکھ روپے میں خریدا۔

مزید پڑھیں:عمران خان وزیر اعظم رہیں گے یا نہیں؟ فیصلہ آج ہوگا