کرپشن کے سنگین الزامات پر بشری بی بی کی قریبی دوست فرح خان کا موقف سامنے آگیا

خاتون اول بشری بی بی کی قریبی دوست فرح خان پر اپوزیشن رہنماؤں کی جانب سے کرپشن کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔

تفصیلات کے مطابق خاتون اول کی قریبی دوست فرح خان نے اپنے اوپر لگائے گئے کرپشن کے سنگین الزامات کی تردید کردی۔ فرح خان نے انسٹاگرام اسٹوری شیئر کی ہے جس میں انہوں نے اپنے اوپر لگے الزامات کے حوالے سے بات کی ہے۔

فرح خان نے اپنے انسٹاگرام اکاؤںٹ پر شیئر کی گئی اسٹوری میں کہا ہے کہ وہ اپنے اور اپنے خاندان پر لگے الزامات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہیں۔ انکا سیاست سے کوئی تعلق نہیں اور نہیں انہوں نے کبھی سرکاری معاملات میں مداخلت کی۔

فرح خان نے مزید لکھا کہ انکے کردار پر کیچڑ اچھالنے والوں کی اپنی بہن بیٹیاں بھی ہیں۔ انہوں نے لکھا کہ انکے کاروبار کے بارے میں انکے شوہر پہلے ہی وضاحت کر چکے ہیں اور ان سے تعلق رکھنے والے افراد بھی ان الزامات کی تردید کر چکے ہیں۔

ویڈیو اسکرین گریب

فرح خان کون ہیں اور ان پر کیا الزامات عائد کیے گئے ہیں؟

فرحت شہزادی جو کہ فرح خان اور فرح گجر عرف گوگی کے نام سے بھی جانی جاتی ہیں، عمران خان کی اہلیہ اور خاتون اول بشری بی بی کی قریبی دوست سمجھی جاتی ہیں۔ فرح خان پر پی ٹی آئی کے سابق رہنما علیم خان کی جانب سے کرپشن کے سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں:عمران خان حکومت کے دوران بشری بی بی کی دوست کی دولت میں کتنا اضافہ ہوا؟ تحقیقاتی رپورٹ سامنے آگئی

علیم خان کی جانب سے فرح خان پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ پنجاب کے وزیر اعلی عثمان بزدار کے دور حکومت کے دوران فرح خان سرکاری ملازمین بشمول بیوروکریٹس کے تبادلوں کے لیے لاکھوں روپے رشوت لیتی تھیں۔ علیم خان کا کہنا تھا کہ فرح خان عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی قریبی دوست ہیں۔

ان الزامات کے سامنے کے بعد مختلف صحافیوں اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ان الزامات پر بھانت بھانت کے تجزیے اور تبصرے کیے جا رہے ہیں۔

گزشتہ روز دی نیوز اور جیو سے وابستہ صحافی فخر درانی نے اپنی ایک تحقیقاتی رپورٹ شائع کی ہے جس کے مطابق عثمان بزدار کے دور حکومت میں فرح خان کے اثاثوں میں چار گنا اضافہ ہوا۔ فخر درانی کی رپورٹ کے مطابق سال 2017 میں فرح خان کی جانب سے ظاہر کی گئی دولت 23 کروڑ 16 لاکھ روپے تھی، جو سال 2021 میں 97 کروڑ 10 لاکھ روپے تک پہنچ چکی تھی۔

وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کے دور حکومت میں ہی فرح خان نے مختلف شہروں میں مہنگی جائیدادیں خریدیں۔

مزید برآں، فرح خان نے سال 2019 میں لانچ کی جانے والی ٹیکس ایمنسٹی اسکیم سے بھی فائدہ اٹھایا اور اسکیم کے تحت 32 کروڑ 80 لاکھ روپے کے اثاثے ظاہر کیے۔

دی نیوز کی رپورٹ کے مطابق فرح خان نے لاہور اور اسلام آباد میں مہنگی اور لگژری جائیدادیں خریدیں، جن میں اسلام آباد ایک بنگلہ بھی شامل ہے۔ رپورٹ کے مطابق فرح خان نے اسلام آباد کے سیکٹر ایف 2/7 میں ایک بنگلہ 19 کروڑ 50 لاکھ روپے میں خریدا۔

یاد رہے کہ نجی خبررساں ادارے نیو نیوز کے مطابق فرح خان گزشتہ دنوں لاہور سے دبئی فرار ہوگئی تھیں۔ انہیں برقعے میں پولیس کی سکیورٹی میں ایئرپورٹ لیجایا گیا جہاں سے وہ بیرون ملک فرار ہوئیں۔

مزید پڑھیں:وزیر اعظم عمران خان آج شام اہم اعلان کریں گے