روزوں کے دوران کرکٹ بھی کھیلنی ہے لیکن روزہ لگنے سے خود کو بچانا بھی ضروری ہے، پاکستانی نوجوانوں نے اس مسئلے کا انوکھا حل نکال لیا۔
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں کچھ نوجوانوں کو کرکٹ کھیلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ لیکن گراؤنڈ میں پچ کے دونوں طرف دو رکشے بھی کھڑے ہیں۔ رکشے کیوں کھڑے ہیں اس کا پتہ اس وقت چلتا ہے جب بلے باز باؤلر کی جانب سے کروائی گئی گیند کو کھیلتا ہے۔
گیند کو ہٹ کرنے کے بعد بلے باز اپنی جگہ پر کھڑا رہتا ہے اور دونوں اطراف سے رکشے رنز بنانے کے لیے دوڑنے لگتے ہیں اور رنز بنانے لگتے ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک رکشہ بروقت کریز پر نہیں پہنچ پاتا مخالف ٹیم کا کھلاڑی اسے رن آؤٹ کر دیتا ہے۔ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے اور صارفین کو بے ساختہ ہنسنے پر مجبور کر رہی ہے۔
مزید پڑھیں: کیا امریکی صدر جو بائیڈن کی عمران خان کے جانے پر جشن منانے کی ویڈیو جعلی ہے؟
اس وائرل ہوتی ویڈیو پر مختلف افراد مختلف تبصرے اور تجزیے کر رہے ہیں۔ ایسے ہی ایک صارف نے اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ روزوں کے دوران کرکٹ کھیلنے کا یہ اچھا طریقہ ہے، تاکہ رنز بنانے کے لیے بھاگنا نہ پڑے اور نہ روزہ لگے۔
Never thought of playing #cricket this way, with runner in rickshaw! #sports pic.twitter.com/dS7XETXuO8
— Gwadar Pro Official (@Gwadar_Pro) April 14, 2022
ایک اور صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ڈیڑھ سو روپے لیٹر پیٹرول کے ساتھ کرکٹ کے لیے رکشے بھگانا ایک مہنگا کھیل ہے جو ہر کسی کے بس کا نہیں لیکن شوق کا کوئی مول نہیں ہوتا۔ کچھ لکھا کہ سست ہونے کا بہترین ثبوت دے رہے ہیں یہ نوجوان۔
جبکہ ایک صارف نے لکھا کہ پاکستان میں ہی ایسی چیزیں ممکن ہیں۔ تاہم، اس ویڈیو نے لوگوں کو ہنسنے پر مجبور کیا ہے اور حیران بھی کیا ہے۔