پی ایس پی اور سندھ حکومت کے درمیان مذاکرات کامیاب، 6 روز سے جاری دھرنا ختم
پی ایس پی نے بلدیاتی قانون کے خلاف کراچی میں 6 روز سے جاری دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
پاک سرزمین پارٹی نے مصطفی کمال کی قیادت میں سندھ کے بلدیاتی قانون کے خلاف دھرنا دیا ہوا تھا ۔ان کا مطالبہ تھا کہ اس قانون میں ترامیم کی جائیں جب تک ہماری بات نہیں سنی جائے گی دھرنا جاری رہے گا ۔جو کہ کئی روز سے کراچی میں جاری تھا آخرکار چھٹے روز ختم کرنے کا اعلان کر دیا گیا ۔
سندھ حکومت اور پاک سرزمین پارٹی کے درمیان کئی روز سے مذاکرات جاری تھے جو کہ آخر کار کامیاب ہوگئے ان مذاکرات کی کامیابی کے بعد دھرنا ختم کرنے کا اعلان کیا گیا ۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ ہم دھرنا ختم نہیں کر رہے ۔بلکہ 11 فروری سے 18 فروری تک مؤخر کر رہے ہیں ۔اگر 11 سے 18 فروری تک اس کالے قانون میں ترمیم نہ کی گئی تو ہم دوبارہ سڑکوں پر نکلیں گے اور قانون سازی ہونے تک دھرنا جاری رکھیں گے ۔
چیئرمین پی ایس پی مصطفی کمال نے مزید یہ بھی کہا کہ ہمیں عہدوں کا کوئی لالچ نہیں ہم تو وہ لوگ ہیں جنہوں نے بڑے بڑے عہدوں کو لات مار کر بہت سے لوگوں کو اپنا دشمن بنا لیا ہے ۔
انہوں نے مزید یہ بھی کہا کی سندھ میں بلدیاتی قانون میں 18ویں ترمیم کے بعد اختیارات نچلی سطح تک منتقل نہیں ہوئے۔ہم نے ناصر حسین شاہ پر یہ واضح کر دیا ہے کہ سندھ کے بلدیاتی قانون میں ترامیم ہوں گیں اور اسی مہینے یہ قانون سازی مکمل ہوگی ۔
دوسری طرف وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ بھی مذاکرات کی کامیابی کے بعد دھرنے میں پہنچے اور دھرنے والوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مصطفی کمال ہم سے جیت گئے ہیں ۔ہم نے پاک سرزمین پارٹی کہ بہت سے مطالبات مان لیے ہیں اور جلد ہی ان پر قانون سازی کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق سندھ حکومت اور پی ایس پی میں صوبائی مالیاتی کمیشن کے معاملے پر اتفاق رائے ہو گیا ہے ۔اس کے علاوہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کو شہری حکومت کا نام دینے تک مذاکرات جاری رہیں گے ۔
Leave a Reply