دنیا کا انوکھا ماسک، گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں جگہ بنانے میں‌کامیاب

دنیا میں کورونا وبا کے پھیلاؤ کے ساتھ ہی ڈاکٹروں کی جانب سے جو سب سے پہلی احتیاطی تدبیر بتائی گئی تھی وہ ماسک پہننا اور ایک دوسرے سے سماجی فاصلہ رکھنا تھی۔ یوں فیس ماسک کی اہمیت اور طلب میں اضافہ ہوا اور لوگوں کو فیس ماسک فوائد سے متعلق علم ہوا۔

فیس ماسک کی طلب اور اہمیت میں اضافے کی وجہ سے مختلف اقسام اور ڈیزائنز کے فیس ماسک مارکیٹ میں آئے جو مقبولیت اختیار کرتے گئے۔ تاہم، کچھ افراد فیس ماسک کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے اس فیلڈ میں حد سے گزر گئے ہیں اور انہوں نے ایک ایسا فیس ماسک تیار کیا ہے جس نے ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔

سوشل میڈیا پر اس حوالے سے ایک ویڈیو بھی وائرل ہو رہی ہے۔ جو لوگوں کی توجہ حاصل کر رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق تائیوان کی ایک میڈیکل آلات سپلائی کرنے والی کمپنی نے دنیا کا سب سے بڑا ماسک تیار کر کے گنیز ک آف ورلڈ ریکارڈ میں جگہ بنا لی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اس ماسک کو کورونا جیسی وبائی امراض میں فیس ماسک کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے تیار کیا گیا تھا۔

اس ماسک کو تیار کرنے والی کمپنی کا نام موٹیکس ہیلتھ کیئر کارپوریشن ہے جس نے اس ماسک کی نقاب کشائی اپنے کریٹیو ہاؤس میں کی۔ چانگہوا کاؤںٹی میں موٹیکس ماسک کریٹیو ہاؤس تعلیمی سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ لوگوں کی ایک بڑی تعداد اس ماسک کو دیکھنے کے لیے آ رہی ہے۔

مزید پڑھیں: امریکہ میں تین کمروں پر مشتمل گھر بلکل مفت کیوں فروخت کیا جا رہا ہے؟

ماسک کی پیمائش 27 فٹ 3 انچ بائی 15 فٹ 9 انچ ہے۔ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے مطابق یہ ماسک عام ماسک سے 50 گنا بڑا ہے۔ مزید برآں، گنیز کے جج کی جانب سے ویڈیو بیان کی ذریعے اس ماسک کو ایک ورلڈ ریکارڈ قرار دیا ہے۔

اس حوالے سے ماسک تیار کرنے والی کمپنی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ انہیں اس ماسک کی تیاری کا خیال 2020 کے شروع میں فیس ماسک کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے آیا۔

یاد رہے کہ کورونا وبا ابھی پوری طرح سے ختم نہیں ہوئی، تاہم، پاکستان سمیت دیگر ممالک میں اس کی لہر بتدریج کم ہو رہی ہے۔ لیکن طبی ماہرین کا ابھی کہنا ہے کہ رش میں جاتے ہوئے یا گھر سے باہر جاتے ہوئے ماسک کا استعمال ضرور کریں اور سماجی فاصلہ برقرار رکھیں اور جلد از جلد ویکسین لگوائیں۔

مزید پڑھیں: کن موبائل فونز پر 31 مارچ سے واٹس ایپ کام کرنا بند کر دے گا؟