الیکشن کمیشن کا جانبدار رویہ، پی ٹی آئی نے بڑا فیصلہ کرلیا

اسلام آباد(وائس ٹی وی یو کے) پاکستان تحریک انصاف نے چیف الیکشن کمشنر پر جانبداری اور بدیانتی کا الزام لگاتے ہوئے 26 اپریل کو ملک بھر میں‌الیکشن کمیشن کے دفاتر کے باہر احتجاج کا فیصلہ کر لیا ہے.

فیصلہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں الیکشن کمیشن کے معاملات کا بغور جائزہ لینے کے بعد کیاگیا.

 

اجلاس کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر میٹنگ میں کیئے گئے فیصلوں پر گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے بتایا کہ چیف الیکشن کمشنر نے بددیانتی کی انتہاء کر رکھی ہے. اب تک منحرف اراکین کو ڈی سیٹ کرنے کے معاملے پر کوئی ایکشن نہیں‌لیا گیا.

ان کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی کی 22 اور پنجاب کی صوبائی اسمبلی کی 26 سیٹوں بارےریفرنس پر ابھی تک فیصلہ نہیں‌کیا گیا.

انہوں نے چیف الیکشن کمشنر کوآڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ اب تک منحرف لوٹوں کے بارے میں‌فیصلہ آ جانا چاہیے تھا جسے بعد ازاں سپریم کورٹ کے فیصلے سے مزید تقویت ملتی. لیکن الیکشن کمیشن ریفرنس دبا کر بیٹھا ہے.

انہوں نے بتایا کے الیکشن کمیشن کے اس رویے کے خلاف تمام الیکشن کمیشن دفاتر کے بعد منگل 26 اپریل کو احتجاج کر کے اپنا مؤقف رکھا جائے گا. اس سلسلے میں تمام ضلعی عہدیداروں کو احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں.

پی ٹی آئی کے فیصلہ پر پاکستان مسلم لیگ ن نے سخت ردعمل دیا ہے. ن لیگ کی ترجمان اور وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان فارن فنڈنگ کیس کے فیصلے پر اثر انداز ہونے کیلئے چیف الیکشن کمشنر پر دباؤ ڈال رہے ہیں.

یاد رہے کہ پی ٹی آئی اور الیکشن کمیشن کے درمیان گزشتہ چند دنوں سے چپقلش میں اضافہ دیکھا گیا ہے. یہ اضافہ اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کا فیصٌلہ 30 روز کے اندر نمٹانے کا فیصٌلہ سامنے آنے کے بعد ہوا ہے. پی ٹی آئی نے اس فیصلے کے خلاف نظر ثانی اپیل بھی دائر کر رکھی ہے.

مزید پڑھیں: اسلام آباد ہائی کورٹ کا عمران خان کو ملنے والے تحائف کی تفصیلات پبلک کرنے کا حکم

 

 

اس کے قبل ہفتہ کے روز حکومت سے ہٹائےجانے کے بعد پہلی پریس کانفرنس میں چیئر مین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ سے اسستعفیٰ کا مطالبہ کیا.

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سب سی بڑی جماعت کو ان پر اعتماد نہیں رہا لہذا وہ اپنا عہدہ چھوڑ دیں.

علاوہ ازیں‌پی ٹی آئی الیکشن کمشن کے جانبدار رویے کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے بھی رجوع کر چکی ہے. درخواست میں‌مؤقف اپنا یا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے فارن فنڈنگ کیس کے ساتھ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے فارن فنڈنگ کیس کو بھی سنا جائے اور اکٹھا فیصلہ دیا جائے.

اس حوالے سے بات کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر بنا کسی دباؤ کے اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں‌اور انکی جانب سے استعفیٰ دینا کا کوئی فیصلہ نہیں‌کیا گیا.