عمران خان حکومت کے دوران بشری بی بی کی دوست کی دولت میں کتنا اضافہ ہوا؟ تحقیقاتی رپورٹ سامنے آگئی

سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی دوست فرح خان کے اثاثوں میں عمران خان اور بزدار حکومت کے دوران کروڑوں روپے کا اضافہ ہوا، تحقیقاتی صحافی کی روپورٹ

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی قریبی سمجھی جانے والی دوست فرحت شہزادی، جو کہ فرح خان اور فرح گوگی کے نام سے بھی مشہور ہیں، آج کل خبروں کی زینت بنی ہوئی ہیں۔ ان پر عمران خان کے دیرینہ ساتھی علیم خان نے کروڑوں روپے رشوت لینے کا الزام عائد کیا ہے۔

علیم خان کی جانب سے فرح خان پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ پنجاب کے وزیر اعلی عثمان بزدار کے دور حکومت کے دوران فرح خان سرکاری ملازمین بشمول بیوروکریٹس کے تبادلوں کے لیے لاکھوں روپے رشوت لیتی تھیں۔ علیم خان کا کہنا تھا کہ فرح خان عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی قریبی دوست ہیں۔

مزید پڑھیں:عمران خان کی اہلیہ کی قریبی دوست کی مبینہ کرپشن، اصل معاملہ کیا ہے؟

ان الزامات کے سامنے کے بعد مختلف صحافیوں اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ان الزامات پر بھانت بھانت کے تجزیے اور تبصرے کیے جا رہے ہیں۔

آج دی نیوز اور جیو سے وابستہ صحافی فخر درانی نے اپنی ایک تحقیقاتی رپورٹ شائع کی ہے جس کے مطابق عثمان بزدار کے دور حکومت میں فرح خان کے اثاثوں میں چار گنا اضافہ ہوا۔ فخر درانی کی رپورٹ کے مطابق سال 2017 میں فرح خان کی جانب سے ظاہر کی گئی دولت 23 کروڑ 16 لاکھ روپے تھی، جو سال 2021 میں 97 کروڑ 10 لاکھ روپے تک پہنچ چکی تھی۔

وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کے دور حکومت میں ہی فرح خان نے مختلف شہروں میں مہنگی جائیدادیں خریدیں۔

مزید برآں، فرح خان نے سال 2019 میں لانچ کی جانے والی ٹیکس ایمنسٹی اسکیم سے بھی فائدہ اٹھایا اور اسکیم کے تحت 32 کروڑ 80 لاکھ روپے کے اثاثے ظاہر کیے۔

دی نیوز کی رپورٹ کے مطابق فرح خان نے لاہور اور اسلام آباد میں مہنگی اور لگژری جائیدادیں خریدیں، جن میں اسلام آباد ایک بنگلہ بھی شامل ہے۔ رپورٹ کے مطابق فرح خان نے اسلام آباد کے سیکٹر ایف 2/7 میں ایک بنگلہ 19 کروڑ 50 لاکھ روپے میں خریدا۔

اس خبر پر دی نیوز کی جانب سے فرح خان سے انکا موقف لینے کے لیے رابطہ کیا گیا تاہم ان سے رابطہ نہیں ہو سکا۔ خبررساں ادارے کی جانب سے انکے شوہر سے بھی رابطے کی کوشش کی گئی لیکن ان سے بھی رابطہ نہیں ہو سکا۔

یاد رہے کہ نجی خبررساں ادارے نیو نیوز کے مطابق فرح خان گزشتہ دنوں لاہور سے دبئی فرار ہوگئی تھیں۔ انہیں برقعے میں پولیس کی سکیورٹی میں ایئرپورٹ لیجایا گیا جہاں سے وہ بیرون ملک فرار ہوئیں۔

مزید پڑھیں: کیا سکیورٹی اداروں کو عمران خان کی حکومت گرانے میں امریکہ کے ملوث ہونے کے ثبوت ملے؟ بڑی خبر سامنے آگئی