کیا آنکھوں میں لگائے جانے والے لینز اندھے پن کا سبب بن سکتے ہیں؟

آج کل مختلف رنگ کے لینز آنکھوں میں لگائے جانے کا فیشن عام ہے۔ یہ فیشن خاص طور پر خواتین میں عام ہے۔ لیکن طبی ماہرین لینز لگانے والے خواتین و حضرات کو محتاط رہنے کی ہدایت کرتے ہیں۔

نجی خبررساں ادارے آے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے آںکھوں کے ماہر ڈاکٹر شاہد کا کہنا تھا کہ آنکھوں میں لگائے جانے والے کانٹیکٹ لینز اندھے پن کا سبب بن سکتے ہیں۔ اس لیے لینز لگانے کے شوقین خواتین و حضرات کو اس ضمن میں خاصی احتیاط برتنی چاہیے۔

مزید پڑھیں: کیا صرف انسان ہی خودکشی کرتے ہیں؟

ماہر امراض چشم ڈاکٹر شاہد نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ لینز صرف وہی استعمال کرنے چاہیے جو ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے مںظور شدہ ہوں۔

ڈاکٹر شاہد کی جانب سے بتائی گئی احتیاطی تدابیر درج ذیل ہیں:

• ڈاکٹر شاہد کا کہنا تھا کہ لینز لگاتے وقت ہاتھوں، لینز اور آنکھوں کی صفائی کا خاص خیال رکھیں
• سستے داموں بیچے جانے والے لینزز کو خریدنے سے گریز کیا جائے۔ جو کہ عام طور پر ایکسپائری تاریخ تبدیل کر کے فروخت کیے جاتے ہیں۔ ایسے لینز آنکھوں کے لیے نہایت نقصان دہ ثابت ہو سکتے ہیں۔
• سینی ٹائزر لگے ہاتھوں کے ساتھ لینز لگانے سے گریز کریں۔ کیونکہ سینی ٹائزر لینزز کو دھندلا کر سکتا ہے۔
• مزید برآں، نمی والے اور معیاری لینز استعمال کریں تاکہ آنکھوں کے اندر ضروری آکسیجن پہنچتی رہے۔

ڈاکٹر شاہد کا کہنا تھا کہ غیر معیاری اور غیر منظور شدہ لینز لگانے سے آنکھوں کی بینائی جانے کا خدشہ ہوتا ہے لہذا تمام افراد اس حوالے سے درج بالا احتیاطی تدابیر کو اپنائیں۔

مزید پڑھیں:دو سر اور تین ہاتھوں والے بچے کی پیدائش نے ڈاکٹروں کو حیران کر دیا