ن لیگ حکومت کا وزیر خارجہ بلاول بھٹو؟

ملکی سیاست اس وقت دلچسپ صورتحال اختیار کر چکی ہے. ن لیگ کی مشترکہ حکومت میں‌پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بطور وزیر خارجہ آج حلف اٹھائیں گے . سیاسی حلقوں میں اس معاملے پر نئی بحث چل نکلی ہے.

 

گزشتہ روز پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں بلاول بھٹو زرداری کے بطور وزیر خارجہ حلف اٹھانے کا معاملہ زیر بحث آیا .

سی ای سی سے منظوری کے بعد بلاول بھٹو زرداری نے آج وفاقی کابینہ میں حلف اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے.

اس سے قبل وفاقی کابینہ حلف اٹھا چکی ہے لیکن حلف کے روز ز بلاول بھٹو زرداری لندن چلے گئے تھے جہاں انہوں نے میاں نواز شریف سے ملاقات کی تھی.

ملاقات کا مقصد شراکت اقتدار کے فارمولے پر عمل کرنا اور آئندہ انتخابات میں‌ساتھ مل کر چلنے کی حکمت عملی ترتیب دینا تھی. ذرائع بتاتے ہیں کہ پیپلز پارٹی چند آئینی عہدوں میں دلچسپی رکھنے کے ساتھ پنجاب میں‌سیٹ ایڈجسمنٹ بھی چاہتی ہے.

لندن میں بلاول بھٹو اور مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف کی ملاقات میں یہ معاملات زیر بحث لائے گئے تھے . لگتا ہے وہاں سے کوئی حوصلہ افزاء خبر آئی ہے جس کے باعث بلاول نے وزیر خارجہ کا حلف اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے.

آخر ایسی کیا وجہ تھی کہ بلاول بھٹو کو یہ قلمدان سنبھالنے میں دقت پیش آ رہی تھی؟ بلاول بھٹو اس وقت پیپلزپارٹی کے چیئرمین ہیں . پیپلز پارٹی کے چیئرمین ہوتے ہوئے ن لیگ کی حکومت میں وفاقی وزیر کا عہدہ سنبھالنا بلاول کی سیاسی ساکھ کو نقصان پہنچا سکتا ہے.

سیاست کاحال بتانے والے یہ بھی بتاتے ہیں‌ کہ میاں نواز شریف کے ساتھ ملاقات میں پیپلز پارٹی کی جانب سے بلاول بھٹو نے نے ڈپٹی وزیر اعظم کے عہدے کا معاملہ بھی اٹھایا تاہم اس خبر کی صداقت بارے میں کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی .

مزید پڑھیں: بلاول بھٹو ، نواز شریف کی لندن میں ملاقات

پیپلزپارٹی کے مخالفین اس کو بلاول کی سیاسی موت قرار دیتے ہیں اور تشبیہ دینے والے بلاول بھٹو کو بطور وزیر خارجہ تشبیہ دیتے ہوئے ہوئے ان کے نانا ذوالفقار علی بھٹو سے جاملاتے ہیں جو ایوب خان کی حکومت میں وزیر خارجہ رہے .

 

پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور معروف قانون دان اعتزاز احسن کا اس حوالے سے دلچسپ بیان سامنے آیا ہے .ان کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو کا قد اونچا ہے . انہیں وزیرخارجہ نہیں بننا چاہیے . اعتزاز احسن محترمہ بینظیر بھٹو کے قریبی ساتھی مانے جاتے ہیں.

نجی ٹی وی پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کی وزارت خارجہ سنبھالنے کا فیصلہ آئندہ الیکشن پر اثرانداز ہو سکتا ہے.

تاہم کچھ بھی ہو گزشتہ روز پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پریس کانفرنس میں میں بطور وزیر خارجہ حلف اٹھانے کی تصدیق کی ہے. ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے سفارتی سطح پر ملک کو بہت نقصان پہنچایا ہے اور وہ اس کے ازالہ کرنے کی کوشش کریں گے۔

سیاسی پنڈت کہتے ہیں کہ نقصان ہو بھی تو آصف زرداری ازالہ کرنا جانتے ہیں. تاہم بلاول بھٹو اس وزارت کے بعد ہمیشہ مخالفین کے طعنوں کا شکار رہیں‌گے.