پاکستانی اور آسٹریلوی کھلاڑیوں کی مستی کرتے ہوئے ویڈیو وائرل

پاکستانی اور آسٹریلوی کھلاڑیوں کی لاہور ٹیسٹ کے بعد مستی کرتے ہوئے ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل، لوگوں کے دل جیت لیے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ پی سی بی کی جانب سے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو جاری کی گئی ہے۔ جس میں لاہور ٹیسٹ کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں اور آسٹریلوی کھلاڑیوں کو ایک ساتھ بیٹھے اور مستی کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ آسٹریلوی بلے باز ڈیوڈ وارنر پاکستانی کھلاڑیوں کے درمیان کھڑے ہیں اور کوئی تکنیک بتا رہے ہیں یا شاید کسی کھلاڑی کی نقل اتار رہے ہیں۔

ڈیوڈ وارنر کی جانب سے اس عمل کے بعد ان کے ارد گرد کھڑے بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی، حارث راؤف، اور آسٹریلوی کھلاڑی ایلکس کیری، عثمان خواجہ، اور مارنوس لبوشین زور دار قہقہ لگاتے ہیں۔

ڈیوڈ وارنر اس سے پہلے بھی خبروں کی زینت رہے ہیں۔ لاہور میں کھیلے جانے تیسری اور آخری ٹیسٹ کے دوران جب امپائر علیم ڈار کی جانب سے وارنر کو کریز سے باہر آ کر کھیلنے پر وارننگ دی گئی تو وارنر کا کہنا تھا کہ انہیں رولز بک دیکھائی جائے ورنہ وہ بیٹںگ شروع نہیں کریں گے۔

میچ کے چوتھے دن کے اکیسویں اوور میں ڈیوڈ وارنر کریز سے بہت زیادہ باہر نکل کر کھیل رہے تھے۔ جس پر علیم ڈار نے انہیں وارننگ دی اور کریز سے بہت زیادہ باہر نکل کر کھیلنے سے منع کیا۔ کیونکہ امپائرز کے مطابق پچ کے اس حصے پر کھیلنے سے پچ متاثر ہوتی ہے اور اس کے بعد اسپنرز اس کا فائدہ ہو سکتا ہے۔

مزید پڑھیں:خبردار: فیس بک پر آنے والے اس میسج کو کبھی مت کھولیں

علیم ڈار کے منع کرنے پر وارنر نے امپائر کے ساتھ بحث شروع کر دی۔ آسٹریلوی بلے باز موقف اختیار کر رہے تھے کریز سے باہر نکل کر کھیلنا انکا حق ہے۔ لہذا انہیں نہ روکا جائے۔ اس حوالے سے وارنر نے پاکستانی کپتان بابر اعظم سے بھی بات چیت کی۔

وکٹ میں لگے مائیک سے امپائر اور وارنر کے درمیان ہونی والی گفتگو کو سنا جا سکتا ہے۔ جس میں وارنر امپائر سے کہ رہے ہیں کہ کیا آپ چاہتے ہیں کہ میں کریز سے باہر نکل کر نہ کھیلوں؟ وارنر کا مزید کہنا تھا کہ انہیں رولز بک دیکھائی جائے ورنہ وہ بیٹنگ شروع نہیں کریں گے۔

وارنر کے اس سوال کے بعد امپائر انہیں جواب دیتے ہیں کہ کھیل کے بعد رولز بک دیکھائیں۔ اسی وجہ سے میچ تین منٹ تاخیر کا شکار ہونے کے بعد دوبارہ شروع ہوا۔

یاد رہے کہ آسٹریلیا کی ٹیم 24 سال بعد پاکستان کے دورے پر ہے۔ جس کے دوران پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 3 میچوں پر مشتمل ٹسیٹ سیریز مکمل ہو چکی ہے۔ جس میں آسٹریلیا نے تیسرا میچ جیت کر سیریز اپنے نام کی ہے۔ جبکہ سیریز کے پہلے دو میچ ڈرا ہوگئے تھے۔ تاہم، ون ڈے اور ٹی 20 میچز کی سیریز ہونا ابھی باقی ہے۔

مزید پڑھیں:کن موبائل فونز پر 31 مارچ سے واٹس ایپ کام کرنا بند کر دے گا؟