پتوکی میں انسانیت دم توڑ گئی، پاپڑ فروش پر تشدد کر کے ہلاک کرنے کے بعد باراتی لاش کے پاس بیٹھ کر کھانا کھاتے رہے

پتوکی میں پیش آیا ایک انسانیت سوز واقعہ جس میں مبینہ طور پر باراتیوں نے پاپڑ فروش پر تشدد کر کے ہلاک کر دیا، اور پھر اس کی لاش کے پاس بیٹھ کر کھانے سے لطف اندوز ہوتے رہے۔

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر پتوکی میں گزشتہ روز مبینہ طور پر باراتیوں نے ایک پاپڑ فروش کو تشدد کا نشانہ بنا کر ہلاک کر دیا۔ ظلم کی انتہا اس وقت ہوئی جب پاپڑ فروش کی لاش زمین پر پھینک کر شادی پر آئے مہمان اور باراتی لاش کے پاس بیٹھ کر مزے سے کھانا نوش فرماتے رہے۔

ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک شخص کی لاش زمین پر پڑی ہے اور اس کے اوپر مکھیاں اڑ رہی ہیں۔ اور اس سے کچھ فاصلے پر بھرے ہوئے ہال میں لوگ ایسے کھانا کھانے میں مصروف ہیں جیسے کچھ ہوا ہی نہیں ہے۔

ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد عوام نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا اور واقعے کو انسانیت کا قتل قرار دیا۔ عوام کی جانب سے شدید رد عمل سامنے آنے کے بعد انتظامیہ حرکت میں آئی اور کاروائی کا آغاز کیا گیا۔

https://youtu.be/BsgjTmEQiko

سوشل میڈیا پر عوامی دباؤ کے بعد پولیس حرکت میں آئی اور شادی ہال کے مینجر سمیت 12 افراد کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کر دیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:مشہور بالی وڈ فلم گلی بوائے کے 24 سالہ گلوکار انتقال کرگئے

جب یہ خبر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار بھی حرکت میں آئے اور انہوں نے واقعے کا نوٹس لے لیا۔ وزیر اعلی کی جانب سے واقعہ کا نوٹس لینے کے بعد پتوکی انتظامیہ نے کاروائی کرتے ہوئے شادی ہال سیل کر دیا۔

ددوسری جانب اسسٹنٹ کشمنر پتوکی نے مقتول پاپڑ فروش کے گھر جا کر فاتحہ خوانی کی اور مقتول کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار افسوس کرتے ہوئے انہیں انصاف کی یقین دہانی کروائی۔ مزید برآں، متاثرہ خاندان کو مالی مدد فراہم کرنے کی بھی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔

یاد رہے کہ یہ واقعہ کیسے پیش آیا اس حوالے سے تاحال کوئی مصدقہ تفصیلات سامنے نہیں آ پائی ہیں۔ تاہم سوشل میڈیا پر اس واقعے کے حوالے سے مختلف تفصیلات اور ویڈیوز گردش کر رہی ہیں۔ سوشل میڈیا صارفین کی طرف سے اس واقعے پر شیید رنج کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بے حس باراتیوں کو گدھ اور دیگر القابات سے نوازا جا رہا ہے۔ تاہم، واقعے کے حوالے انتظامیہ کی جانب سے تحقیقات جاری ہیں اور واقعے سے متعلق تفصیلات آنا باقی ہیں۔

مزید پڑھیں:ایک شہری کا 18 کروڑ روپے سے زائد کا پیٹرول مفت بانٹنے کا اعلان


Posted

in

,

by