قومی اسمبلی کا اجلاس آج ہوگا، حکومت تحریک عدم اعتماد سے کیسے نمٹے گی؟

قومی اسمبلی کا اجلاس آج دن 11 بجے اسپیکر قومی اسمبلی کی زیر صدارت ہوگا، اسمبلی اجلاس کے ایجنڈے میں تحریک عدم اعتماد بھی شامل۔

تفصیلات کے مطابق اپوزیشن کی جانب سے تحریک عدم اعتماد جمع کروائے جانے کے بعد قومی اسمبلی کا پہلا اور اہم اجلاس آج ہوگا۔ اجلاس کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی جانب سے 15 نکات پر مشتمل ایجنڈا بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ جس میں تحریک عدم اعتماد بھی شامل ہے۔

ریڈزون میں سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات:

قومی اسمبلی کے اس اہم اجلاس کے لیے ریڈ زون سمیت اسلام آباد میں سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔ ریڈ زون میں دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے۔ جبکہ رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری مختلف مقامات پر تعینات کر دی گئی ہے۔ ریڈ زون میں غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر پابندی ہوگی جبکہ ریڈ زون میں کام کرنے والے ملازمین اپنے کارڈ دیکھا کر داخل ہو سکیں گے۔

مزید برآں، اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے آنے والے ایم این ایز کو ہدایت نامے بھی جاری کیے کیے گئے ہیں۔ جس میں انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ اجلاس میں مہمانوں کے داخلے اور اپنے گارڈز اور زاتی عملے کو ساتھ لانے پر پابندی ہوگی۔

مزید پڑھیں:شیخ رشید نے ملک میں جلد الیکشن کا عندیہ دے دیا

اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق ریڈ زون میں داخلے لیے مارگلہ روڈ استعمال ہوگا اس کے علاوہ ریڈ زون میں داخلے کے باقی تمام راستے بند کر دیے گئے ہیں۔

حکومت تحریک عدم اعتماد سے کیسے نمٹے گی؟

یاد رہے کہ اپوزیشن کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد اسمبلی میں جمع کروائی گئی ہے۔ جس پر ووٹںگ ہونا باقی ہے۔ اور اپوزیشن کا دعویٰ ہے کہ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے لیے ان کے پاس نمبرز پورے ہیں۔ جبکہ دوسری جانب حکومت کا بھی یہی دعویٰ ہے۔

لیکن اپوزیشن کا حکومت پر الزام ہے کہ حکومت اسمبلی اجلاس بلانے اور تحریک پر ووٹںگ کروانے کے لیے تاخیری حربے استعمال کر رہی ہے۔

آج کے قومی اسمبلی کے اجلاس کے بارے میں بھی یہی کہا جا رہا ہے کہ اجلاس میں ایم این اے خیال زمان کی وفات پر فاتحہ خوانی کے بعد اجلاس ملتوی کر دیا جائے گا۔ اور حکومت تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ روکنے کے لیے اسمبلی اجلاس ایک سے ڈیڑھ ماہ کے لیے موخر کرنا چاہتی ہے۔

اتحادی جماعتیں کس کے ساتھ ہیں؟

تحریک عدم اعتماد کے لیے اپنے نمبرز پورے کرنے کے لیے اپوزیشن اور حکومت اتحادی جماعتوں کے ساتھ مسلسل ملاقاتیں کر رہی ہیں اور دونوں کا ہی دعویٰ ہے کہ اتحادی ان کے ساتھ ہیں۔ تاہم، اتحادی جماعتوں کی جانب سے تاحال کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔
گزشتہ روز سیاسی پارٹی کے اجلاس کے دوران عمران خان کا کہنا تھا کہ اتحادی انہیں مایوس نہیں کریں گے۔

مزید پڑھیں:بریکنگ نیوز: وزیر اعظم عمران خان کا قوم کے نام اہم پیغام