رمضان المبارک کے دوران معدے کی تیزابیت اور جلن سے کیسے محفوظ رہا جائے؟

ہم میں سے اکثر لوگ معدے کی تیزابیت اور جلن کی شکایت کرتے ہیں۔ اور یہ شکایت ماہ رمضان میں بڑھ جاتی ہے، جس کی وجہ چٹ پٹے کھانے ہیں۔

معدے کی جلن اور تیزابیت ماہ رمضان میں کیوں بڑھ جاتی ہے؟

ماہرین کے مطابق رمضان المبارک میں چونکہ سحری اور افطاری کے اوقات میں ایک تو لوگ کھانے کی مقدار بڑھا دیتے ہیں جس کی وجہ سے معدے کی تیزابیت میں اضافہ ہوتا ہے اور اس کی دوسری بڑی وجہ افطاری میں تلی ہوئی اور چٹ پٹی اشیاء جیسا کہ سموسے اور پکوڑوں کے استعمال میں اضافہ ہے۔

مزید پڑھیں:کیا آنکھوں میں لگائے جانے والے لینز اندھے پن کا سبب بن سکتے ہیں؟

آیئے آج کے اس مضمون میں جاننے کی کوشش کرتے ہیں کہ ماہ رمضان کے دوران معدے کی تیزابیت اور جلن جیسی بیماری سے کیسے بچا جا سکتا ہے یہ اس کی شدت کو بڑھنے سے روکا جا سکتا ہے؟

خوراک کے استعمال میں میانہ روی:

طبی ماہرین کا خیال ہے کہ دیگر وجوہات کے ساتھ ساتھ سینے میں جلن اور معدے میں تیزابیت کی بڑی وجہ کھانے میں میانہ روی کا نہ ہونا ہے اور زود و ہضم اشیاء کا استعمال نہ کرنا ہے۔ لہذا عام طور پر اور خاص طور روزوں کے دوران کھانا کھاتے ہوئے میانہ روی اختیار کی جانی چاہیے۔ مزید برآں، جیسا کہ حدیث نبوی بھی ہے کہ بھوک رکھ کر کھانا کھائیں اور ایک لقمے کو کم از کم 32 مرتبہ چبائیں۔

اس کے علاوہ روزوں کے دوران سحر و افطار میں خاص طور پر تلی ہوئی چیزیں کھانے سے گریز کریں۔ سادہ اور زود و ہضم خوراک کھائیں۔
نظام انہظام کو بہتر بنانے کے لیے درج ذیل دیسی ٹوٹکوں کا استعمال کریں:

ادرک اور لیموں ملے قہوے کا استعمال:

طبی ماہرین کے مطابق ادرک ایسی خوبیوں کا حامل ہے جو ہمارے معدے، سانس اور خوراک کی نالیوں کے لیے بے حد مفید ہیں۔ اگر ادرک کے ٹکڑے کو منہ رکھ کر کچھ دیر کے لیے چوسا جائے تو ہماری سانس کی نالیاں کھولنے کے لیے بہترین ثابت ہوتا ہے۔

مزید برآں، معدے کی تیزابیت کم کرنے کے لیے بھی ادرک کو مفید تصور کیا جاتا ہے۔ جس کے لیے ماہرین روزانہ ادرک اور لمیوں ملا قہوہ استعمال کرنے کی ترغیب دیتے ہیں۔ جس کے لیے آپ ایک کپ پانی میں ادرک کے چند ٹکڑے ڈال کر ابالیں اور پھر اس میں چند قطرے لیموں کے ڈال کر روزانہ استعمال کریں۔

سونف کا استعمال:

معدے کی تیزابیت اور سینے میں جلن کی شکایت کو حل کرنے کے لیے حکماء سونف کو اہم تریاق تصور کرتے ہیں۔ حکماء کے مطابق اگر آپ کو معدے کی تیزابیت کی شکایت ہے تو ہر کھانے کے بعد ایک چمچ سونف کو اچھی طرح چبا کر کھائیں۔

لیموں پانی اور اسپغول کا استعمال:

اگر آپ کو تیزابیت اور سینے کی جلن کی شکایت ہے تو عام دنوں میں خاص طور پر رمضان میں افطاری کے بعد لیموں پانی کا استعمال کریں۔ اور اگر اس میں اسپغول ڈال لیں تو تیزابیت، سینے کی جلن اور قبض جیسے امراض سے چھٹکارے میں معاؤن ثابت ہو سکتا ہے۔

نوٹ: اگر آپ پہلے سے کسی بیماری کا شکار ہیں تو درج بالا ٹوٹکوں کے استعمال سے پہلے اپنے ڈاکٹر سے مشورہ کریں۔

مزید پڑھیں:اکاؤنٹ میں موجود کتنی رقم پر زکوٰۃ لاگو ہوگی، مرکزی بینک نے نصاب مقرر کردیا