بالی وڈ کی مشہور جوڑی رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ سے متعلق رواں ماہ شادی کرنے کی خبریں گرم ہیں۔
بالی وڈ کی مشہور اور مداحوں میں پسند کی جانے والی جوڑی رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ سے متعلق بھارتی میڈیا میں خبریں گرم ہیں کہ وہ رواں ماہ شادی کر لیں گے۔ اسی حوالے سے انڈیا ٹو ڈے کی جانب سے ایک رپورٹ شائع کی گئی ہے کہ جوڑے نے اپنی شادی کے انتظامات کرنے والے منتظمین کے ساتھ ایک حیران کن معاہدہ طے کیا ہے۔
انڈیا ٹو ڈے کی رپورٹ کے مطابق رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ نے اپنی شادی کی تقریبات کے منتظمین سے نان ڈسکلوزر ایگریمنٹ (این ڈی اے) سائن کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ خبرر رساں ادارے کے مطابق دونوں اداکاروں نے اپنے میک آرٹسٹس اور سٹائلسٹس سے بھی اس معاہدے پر دستخط کرنے کا کہا ہے۔
انڈیا ٹو ڈے نے اپنے ذرائع کے حوالے سے لکھا ہے کہ دونوں اداکاروں نے اپنی شادی کا انتظام کرنے والے افراد کو شادی اسکواڈ کا نام دیا ہے اور اس اسکواڈ میں شامل تمام افراد سے اس معاہدے پر دستخط کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
مزید پڑھیں:بھارتی اداکار بھی زرتاج گل کے مداح نکلے
اس معاہدے کے مطابق شادی کے منتظمین کو جوڑے کی شادی کے بارے میں بات کرنے اور کوئی بھی تصویر لیک کرنے کی اجازت نہیں ہوگی بصورت دیگر انہیں قانونی چارہ جوئی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
خبررساں ادارے کے مطابق بالی وڈ کی اس مشہور جوڑے کی شادی میں بالی وڈ کے کچھ بڑے نام بھی شرکت کریں گے، جن میں شاہ رخ خان، کرن جوہر، زویا اختر، ورون دھون، ڈائریکٹر سنجے لیلا بھنسالی، کرینہ کپور اور سیف علی خان سمیت دیگر نام شامل ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے پہلے انڈیا ٹو ڈے ہی کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ رواں شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔ جوڑے کی جانب سے اپنے قریبی رشتہ داروں اور دوستوں کو اس ماہ کی 13 سے 17 تاریخ کے دوران دیگر مصروفیات سے فارغ ہونے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
خبررساں ادارے کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ رنبیر اور عالیہ 13 سے 17 تاریخ کے درمیان کسی بھی دن شادی کے بندھن میں بندھ سکتے ہیں۔ انکے مداحوں کو اس دن کا شدت سے انتظار ہے۔ تاہم، رنبیر اور عالیہ کی جانب سے اس بات کی تو تصدیق کی جاتی رہی ہے کہ وہ جلد شادی کرنے والے ہیں تاہم دونوں کی جانب سے کسی واضح تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔
مزید پڑھیں:اہم سعودی وزیر نے بالی وڈ اسٹارز سے ملاقات کیوں کی؟