سعودی آرمی چیف کا بھارت کا پہلا ‘تاریخی’ دورہ

نئی دہلی: بھارتی وزارت دفاع کی ایک پریس ریلیز کے مطابق، سعودی عرب کے آرمی چیف نے اس ہفتے بھارت کا پہلا “تاریخی ساز” دورہ کیا ہے۔

سعودی عرب کی بری افواج کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل فہد بن عبداللہ محمد المطیر پیر کے روز بھارت پہنچے اور بدھ کو اپنا تین روزہ دورہ ختم کیا۔ پریس ریلیز میں کہا گیا کہ یہ رائل سعودی لینڈ فورسز کے کسی حاضر سروس کمانڈر کا بھارت کا پہلا دورہ تھا اور اس دورے نے دونوں ممالک کے درمیان “گہرے دفاعی تعاون” کو اجاگر کیا جس سے دونوں ممالک کے باہمی تعاون کو مزید تقویت ملے گی۔

سعودی افواج کے سربراہ جنرل فہد بن عبداللہ محمد المطیر نے اپنے دورے کے دوسرے روز نئی دہلی میں بھارتی آرمی چیف منوج مکند نروانے سے ملاقات کی اور انہیں رسمی گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

مزید پڑھیے: پاکستان نے بھارت کو بڑی اجازت دے دی

بھارتی وزارت دفاع نے کہا کہ گارڈ آف آنر کے بعد دونوں آرمی چیفس نے “اہم دو طرفہ بات چیت” کی اور سیکورٹی کے پہلوؤں پر بریفنگ دی۔ ہندوستانی فوج کے ایڈیشنل ڈائریکٹوریٹ جنرل آف پبلک انفارمیشن نے یہ بھی کہا کہ دونوں نے “دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا”۔

پریس ریلیز میں کہا گیا کہ ہندوستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات اقتصادی خوشحالی، دہشت گردی کے خاتمے اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے کے مشترکہ مفادات کی وجہ سے بڑھ رہے ہیں۔ اس نے مزید کہا کہ “دفاعی سفارت کاری مجموعی تعلقات کے اہم اصولوں میں سے ایک ہے۔”

سرکاری سعودی پریس ایجنسی کے ذریعے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق سعودی فوج کے سربراہ نے کہا کہ ان کا دورہ فوجی تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے ایک “اہم قدم” تھا اور دعوت کے لیے اپنے ہندوستانی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔ اس میں مزید کہا گیا کہ انہوں نے انڈین نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کا بھی دورہ کیا۔

خیال رہے سعودی عرب اور دیگر عرب ریاستوں نے مقبوضہ کشمیر کو پاکستان اور بھارت کا آپسی معاملہ قرار دیتے ہوئے انہیں اس مسلۓ سے دور رکھنے کا عندیہ بہت پہلے ہی دے دیا تھا اور اب خطے کی تیزی سے بدلتی صورت حال کے پیش نظر سعودی آرمی چیف کا دورہ بھارت بہت اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔

Comments

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *