شیخ رشید نے ملک میں جلد الیکشن کا عندیہ دے دیا

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں الیکشن جلد بھی ہو سکتے ہیں۔

شیخ رشید کا میڈیا کے ساتھ گفتگو کے دوران جلد الیکشن کا عندیہ دیتے ہوئے کہنا تھا کہ الیکشن جلد بھی ہو سکتے ہیں لیکن ان کی خواہش ہے ملک اور جمہوریت آگے بڑھے۔

انکا مزید کہنا تھا کہ آج کے بعد آپ کو اچھی خبریں سننیں کو ملیں گی۔ اور انہیں امید ہے کہ حالات بہتری کی طرف جائیں گے۔
وفاقی وزیر نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بلاول کے ابھی دودھ کے دانت بھی نہیں ٹوٹے اور اپوزیشن اپنے ہی بیچھائے جال میں پھنس چکی ہے۔

25 مارچ کو بلائے گئے قومی اسمبلی کے اجلاس کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ اس دن صرف دعاے خیر ہوگی۔ جبکہ ن لیگ پر تنقید کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ نواز شریف کا ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ دفن ہوچکا ہے۔

اپوزیشن کو مخاطب کرتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اپوزیشن لانگ مارچ کا شیڈول دے۔ ابھی تک کسی جلسے کی اجازت کے لیے درخواست جمع نہیں کروائی گئی۔ اور اگر کوئی شرارت ہوئی تو وزارت داخلہ ذمہ دار نہیں ہوگی۔

پی ٹی آئی کے منحرف اراکین کے اپوزیشن کے ساتھ مل جانے پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اگر اپوزیشن کے پاس ہمارے بندے ہیں تو ہمارے پاس بھی انکے بندے ہیں۔ جو کہ تحریک عدم اعتماد کے حق میں ووٹ نہیں دیں گے۔

مزید پڑھیں:بریکنگ نیوز: وزیر اعظم عمران خان کا قوم کے نام اہم پیغام

وزیر اعلی عثمان بزدار کے استعفے کے حوالے بات کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عثمان بزدار کہیں نہیں جا رہے۔ وہ بھی انکی طرح عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

خیال رہے کہ اپوزیشن کے دعویٰ ہے کہ حکومتی پارٹی کے کچھ ناراض ارکان ان کے ساتھ مل گئے ہیں جو کہ تحریک عدم اعتماد کے روز حکومت کے خلاف ووٹ دیں گے۔ کچھ منحرف اراکین نے منظر عام پر آ کر اس بات کی تصدیق بھی کر دی ہے۔

اپوزیشن کی اس چال کو ناکام بنانے کے لیے حکومت نے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔ حکومت نے سپریم کورٹ میں ایک ریفرنس دائر کیا ہے جس میں سپریم کورٹ سےاستدعا کی گئی ہے کہ وہ آئین کے آرٹیکل 63 اے کی تشریح کرے اور بتائے کہ پارٹی لائن کے خلاف ووٹ دینے والوں کی نا اہلی تاحیات ہوگی یا قلیل مدتی۔

سپریم کورٹ میں اس وقت اس ریفرنس کے حوالے سے سماعت جاری ہے۔

مزید پڑھیں:موروں کے حوالے سے 10 دلچسپ حقائق