مری: اکیلا 40 سے زائد سیاحوں کی زندگیاں بچانے والا ہیرو

اسلام آباد: صوبہ پنجاب کے سیاحتی مقام مری میں گزشتہ رات طوفان اور برف باری کی وجہ سے پھنسے ہزاروں افراد کو ریسکیو کرنے کا کام جاری ہے جس میں پاک فوج کے جوان کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں اور موسم بہتر ہونے پر ہیلی کاپٹر کے ذریعے بھی لوگوں کو محفوظ مقام تک پہنچانے کا سلسلہ شروع کیا جائے گا-

جہاں مری میں عورتوں، بچوں اور جوانوں کی اموات کی افسوس ناک خبریں سامنے آ رہی ہیں وہیں سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک ایسے شخص کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جو تن تنہا اب تک 20 سے زائد سیاحوں ، جن میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں، کو محفوظ مقام پر منتقل کر چکا ہے اور 40 سے زائد لوگوں کی زندگیاں بچانے کے لئے مسلسل کام کار رہا ہے-

اس سے قبل وزیر داخلہ شیخ رشید نے پاک افواج کی امدادی سرگرمیوں پر میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے مری کے مقامی لوگوں سے اپیل کی تھی کہ وہ ان سیاحوں کی ہر ممکن مدد کریں خاص کر خوراک ضرور پہنچائیں کیوں کہ گزشتہ رات سے یہ سیاح برف باری کی وجہ سے کہیں آگے پیچھے نہیں جا سکتے اور ان کے پاس کھانے پینے کی اشیاء بھی ختم ہو چکی ہیں-

مزید پڑھیے: مری میں سیاح سردی کی وجہ سے نہیں مرے – چونکا دینے والا انکشاف

حکومت کے مطابق اب تک 21 سیاح اپنی گاڑیوں میں ہی دم توڑ چکے ہیں جن میں پورے کے پورے خاندان عورتوں اور بچوں سمیت دم گھٹنے سے جاں بحق ہوئے- میڈیا رپورٹس کے مطابق اب تک 23 ہزار گاڑیوں کو مری سے نکالا جا سکا ہے جبکہ اب بھی سینکڑوں گاڑیاں برف میں پھنسی ہوئی ہیں جن میں ہزاروں سیاح موجود ہیں-

پاک فوج کی امدادی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ کچھ نیک دل اور بہادر مقامی لوگوں نے بھی اس مشکل وقت میں پھنسے لوگوں کی مدد کرنے کا فیصلہ کیا جن میں ایک شخص کی ویڈیو بھی وائرل ہوئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ اپنے کندھوں پر ایک بچہ اٹھائے برف کی تہہ میں بڑی احتیاط سے چل کر رستہ بنا رہا ہے اور اپنے پیچھے آنے والوں کی رہنمائی کر رہا ہے- یہ شخص ان سب لوگوں کو اپنے گھر میں ٹھرائے گا جب تک کہ کوئی فوج یا حکومت کے لوگ آ کر ان کی مدد نہیں کر دیتے-

Comments

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *