چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف جنگ کا اعلان کر دیا ۔
سرگودھا کے موضع سیال شریف میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئےچیئر مین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ اب ان کی پارٹی عمران خان کو پاکستان کو تباہ کرنے کے لیے مزید وقت نہیں دے سکتی ۔اب وقت آ گیا ہے کہ عمران خان پر پارلیمنٹ کے اندر حملہ کیا جائے اور انہیں ہر صورت حکومت سے نکالا جائے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کے بہت جھوٹ سن چکے اب مزید نہیں سنیں گے ۔اگر پنجاب والے پیپلز پارٹی کے ساتھ ہیں تو پھر عمران خان کو ملک میں چھپنے کی جگہ بھی نہیں ملے گی ۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پی پی چیئرمین بلاول بھٹو کا کہنا تھا کی کرپشن کرپشن کا سن سن کر عوام کے کان پک چکے ہیں ۔لیکن عمران خان کی حکومت نے کرپشن کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے جس کا ثبوت انٹرنیشنل ٹرانسپیرنسی کی وہ رپورٹ ہے جو یہ کہہ رہی ہے کہ جتنی کرپشن عمران خان کے دور حکومت میں ہوئی ہے اتنی کرپشن تو ملک کی تاریخ میں پہلے کبھی نہیں ہوئی۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ ظالم حکمران ،کٹھ پتلی حکومت اور سلیکٹڈ وزیراعظم کا مقابلہ کرنے کے لیے 27 فروری کو جنگ کا اعلان کر رہے ہیں ۔وہ میدان میں بھرپور طریقے سے نکلیں گے اور اس سلیکٹڈ حکومت کا خاتمہ کرکے رہیں گے ۔
بلاول کا کہنا تھا کہ تبدیلی تبدیلی کے نام پر ملک میں تباہی اور مہنگائی کا سونامی آیا ہوا ہے ۔ہم نے تو پہلے ہی آ ئی ایم ایف کی ڈیل کی مخالفت کی تھی اور کہا تھا کہ آئی ایم ایف سے اس ڈیل کا سارا بوجھ عام آدمی کو مہنگائی اور غربت کی صورت میں برداشت کرنا پڑے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس ناکام حکومت نے ملک میں زراعت جو کہ ہماری معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اس کو بھی تباہ کرکے رکھ دیا ہے ۔کسانوں کو ان کی فصل کی پوری قیمت مل رہی ہے اور نہ ہی کھاد وقت پر ملتی ہے کھاد کے اس بحران سے زرعی شعبے کو بہت زیادہ نقصان پہنچا ہے ۔
Leave a Reply