وزیر اعظم عمران خان آج شام اہم اعلان کریں گے

سینیٹر فیصل جاوید کی جانب سے ٹوئٹر پر پیغام جاری کیا گیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان آج شام اہم پیغام جاری کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے اہم رہنما اور سینیٹر فیصل جاوید نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ذریعے لکھا کہ آج شام وزیر اعظم ایک اہم اعلان کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم قوم کو کبھی مایوس نہیں کریں گے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ عمران خان کو چیلنجز کا سامنا کرنا آتا ہے۔ مزید برآں، فیصل جاوید نے گزشتہ روز آنے والے فیصلے کے تناظر میں اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ اپوزیشن سمجھ رہی ہے کہ وہ جیت گئے ہیں، ایسا نہیں ہے، حقیقت میں اپوزیشن ہار چکی ہے۔

انہوں نے لکھا کہ مٹھائی پھر ضائع، الفاظ یاد رکھیے گا۔ فیصل جاوید نے مزید لکھا کہ آنے والا وقت بتائے گا قوم نے فیصلہ کر لیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ کی جانب سے اسپیکر کی رولنگ کے خلاف فیصلہ دیتے ہوئے اسپیکر کی رولنگ کو غیر آئینی قرار دے دیا تھا۔ جس کے بعد وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے اسمبلیاں تحلیل کروائے جانے کے عمل کو بھی غیر آئینی اور غیر قانونی قرار دے دیا گیا تھا۔

عدالت کی جانب سے اپنے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ 3 اپریل کو تحریک عدم اعتماد کو مسترد کرنے کے لیے اسپیکر کی جانب سے دی گئی رولنگ غلط ہے لہذا ووٹنگ دوبارہ کروائی جائے اور تحریک عدم اعتماد کو مسترد کرنے کے بعد اٹھائے گئے تمام اقدامات بھی غیر قانونی قرار دے دیے گئے۔

مزید پڑھیں:بھارتی اداکار بھی زرتاج گل کے مداح نکلے

سپریم کورٹ کی جانب سے اسپیکر کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ ہفتے کے روز صبح ساڑھے دس بجے اسمبلی کا اجلاس بلا کر وزیر اعظم کے خلاف جمع کروائی گئی تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کروائے۔ اور تحریک عدم اعتماد کے کامیاب ہونے کی صورت میں نئے وزیر اعظم کا انتخاب کیا جائے۔

خیال رہے کہ 3 اپریل کو وزیر اعظم کے خلاف جمع کروائی گئی تحریک عدم اعتماد پر ووٹںگ ہونا تھی۔ تاہم، ڈپٹی اسپیکر نے آئین کے آرٹیکل 5 کے تحت تحریک عدم اعتماد کو یہ کہتے ہوئے مسترد کر دیا تھا کہ تحریک عدم اعتماد بیرونی سازش ہے۔ اس کے فوری بعد وزیر اعظم عمران خان نے صدر پاکستان کو اسمبلی تحلیل کرنے اور نئے انتخاب کی تجویز بھیج دی۔ جس پر عمل کرتے ہوئے صدر پاکستان نے اسمبلی تحلیل کر دی تھی۔

مزید پڑھیں: ہمارے گھٹنے کی ہڈی باہر کی جانب ابھری ہوئی کیوں ہوتی ہے؟ حیران کن وجہ جانیے