لیموں کا تعلق سٹرس فیملی سے ہے۔ اس فیملی کے دیگر ارکان سنگترہ، مالٹا، کنو اور مسمی وغیرہ ہیں، جن سے ہم سب شناسا ہیں۔ لیکن اسی فیملی کا ایک اوررکن ہے جس سے بہت کم لوگ واقف ہوں گے، اس کا نام ہے فنگر لائم۔ یہ انگلی کی شکل کا لیکن تھوڑا موٹا اور دو سے تین انچ لمبا لیموں نما پھل ہوتا ہے۔ اس پھل کے اندر باریک موتیوں جیسے دانے بھرے ہوتے ہیں ان دانوں کی سٹرجن مچھلی کے انڈوں سے مشابہت کی وجہ سے اسے کیویار لائم بھی کہا جاتا ہے۔
ان باریک موتیوں میں خوش ذائقہ خوشبودار رس بھرا ہوتا ہے جو کھانے میں بہت ہی بھلا لگتا ہے۔ فنگر لائم کی کئی اقسام ہیں جن کے رنگ سبز، گلابی، سرخ اور پیلے ہوسکتے ہیں۔ سب کے ذائقے ایک دوسرے سے قدرے مختلف ہوتے ہیں۔ فنگر لائم بطور پھل بھی کھایا جاسکتا ہے، اس کا جوس اور شکنجبین بھی بنائی جاسکتی ہے۔ تاہم اس کا سب سے زیادہ استعمال سلاد اور سی فوڈ پر گارنش یعنی چھڑکنے کیلئے ہوتا ہے۔
مزید پڑھیے: وہ پھل جس کی قسم الله نے کھائی
دنیا بھر میں موتیوں والا لیموں اپنے منفرد ذائقے اور خوش شکل بناوٹ کی وجہ سے بہت پسند کیا جاتا ہے لیکن اس کی طلب بہت زیادہ ہے جبکہ پیداوار کم ہے۔ یہ آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور امریکہ کی کچھ ریاستوں میں پیدا ہوتا ہے۔ طلب اور رسد کے فرق کی وجہ سے اس کی قیمت ڈیڑھ سو یورو سے لے کر دوسو یورو تک ہوتی ہے گویا قریب پچیس ہزار سے تیس ہزار روپے پاکستانی فی کلوگرام۔
موتیوں والا لیموں یا فنگر لائم اگانے کے لیے جو گرم مرطوب آب وہوا درکار ہوتی ہے وہ ہمارے کینو والے علاقوں میں موجود ہے۔ اور مزے کی بات یہ ہے کہ اس پھل کی مسمی کے پودوں پر گرافٹنگ بھی ممکن ہے۔ بلکہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں اسے گرافٹنگ سے ہی اگایا جاتا ہے۔ مسمی کے پودے پر گرافٹنگ کیا ہوا فنگر لائم تین سال میں پھل دینا شروع کردیتا ہے۔
دنیا بھر میں اس کی بہت زیادہ مانگ اور اس کی بہت زیادہ قیمت کی وجہ سے ہماری زرعی یونیورسٹیوں اور مسمی کے جدید سوچ رکھنے والے کسانوں کو اس طرف توجہ دینا چاہئیے۔ کیا معلوم کہ آنے والے سالوں میں کنو سے زیادہ ہم فنگر لائم سے زرمبادلہ کمارہے ہوں۔
تحریر: ابن فاضل
Leave a Reply