یوسف رضا گیلانی بدعنوانی الزامات سے بری

اسلام آباد(وائس ٹی وی یوکے) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹر یوسف رضا گیلانی کے خلاف ہارس ٹریڈنگ ثابت نہ ہونے پر ان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے اور نااہل کرنے کی درخواست مسترد کر دی .

جبکہ بدعنوانی ثابت ہونے پر یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی حید ر گیلانی کے خلاف فوجداری کاروائی کرنے کا حکم دیا ہے. تحریک انصاف کے ایم این اے فہیم خان اور جمیل احمد خان کے خلاف بھی فوجداری کاروائی عمل میں‌لائی جائے گی.

تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی جنرل نشست پر گزشتہ سال انتخابات میں اس وقت کی حزب اختلاف کی جماعتوں کی طرف سے یوسف رضا گیلانی جبکہ ان کے مدمقابل اس وقت پی ٹی آئی حکومت سے حفیظ‌شیخ امیدوار تھے .

الیکشن سے ایک روز قبل ایک ویڈیو منظر عام پر آئی جس میں دیکھا جا سکتا تھا یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حید ر گیلانی پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی کو رقم کی پیشکش کے ساتھ ووٹ ضائع کرنے کا طریقہ بتا رہے ہیں.

الیکشن میں بھی پی ٹی آئی کو بڑے سرپرائز کا سامنا کرنا پڑا جب اکثریت نہ رکھنے والے امیدوار یوسف رضا گیلانی سینیٹر منتخب ہوئے جبکہ اس کے برعکس اکثریت رکھنے والی جماعت پاکستان تحریک انصاف کے رکن عبدالحفیظ شیخ ہار گئے .

مزید پڑھیں :عمران خان نے سیاسی لائحہ عمل کا اعلان کردیا

تحریک انصاف نے اس کو بدترین ہارس ٹریڈنگ کہا اور اس معاملے پر تحریک انصاف کے رہنماؤں فرخ حبیب ، کنول شوزب اور ملائکہ بخاری نے الیکشن کمیشن میں یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کانوٹیفکیشن روکنے اور نااہلی کی درخواست کی تھی.

تاہم تقریبا ایک سال سے زائد کیس چلنے کے بعد عدالت نے یوسف رضا گیلانی کو براہ روست ملوث ہونے کے ثبوت نہ ملنے پر الزامات سے بری کردیا .

الیکشن کمیشن کا کہناتھا کہ حقائق درست طرح سے پیش نہیں کیئے گئے.

تاہم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے کیخلاف فوجداری قوانین کے تحت کاروائی عمل میں لائی جائے گی. علی حید ر گیلانی ویڈیو کی صداقت کا اقرار کر چکےہیں.