بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان نے حال ہی میں کیڈبری کے ایک دیوالی اشتہار میں کام کیا۔ لیکن اس کی خاص بات پاکستانی ڈیزائنر فراز منان کی بنی ہوئی شیروانی تھی-
اشتہار میں دل کو چھو لینے والے پیغام کے علاوہ پاکستانی اس لباس کے انتخاب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ کنگ خان نے کریم رنگ کا کرتہ پاجامہ زیب تن کر رکھا تھا جسے اسی رنگ کی شیروانی کے امتزاج کے ساتھ اشتہار میں استعمال کیا گیا- اشتہار دیوالی سے پہلے مقامی چھوٹے کاروباروں کو فروغ دینے کی کوشش کرتا ہے۔
کیڈبری نے اداکار شاہ رخ خان کی آواز اور چہرے کے تاثرات کو دوبارہ بنانے کے لیے مشین لرننگ ٹیکنالوجی کا استعمال کیا تاکہ ایسا محسوس ہو کہ وہ مقامی اسٹورز کے نام لے کر انہیں اپنا برانڈ ایمبیسڈر بنارہے ہیں۔ فراز نے اپنے انسٹاگرام اسٹوری میں اداکار کی تصویر بھی شیئر کی۔ “ہاں فراز منان میں شاہ رخ ، ”ڈیزائنر نے تصدیق کی۔
ڈیزائنر فراز منان کے سرحد پار کئی کلائنٹ ہیں جن میں بالی ووڈ اسٹارز کرینہ کپور اور پریانکا چوپڑا بھی شامل ہیں۔ فراز نے آنجہانی سری دیوی کے لئے بھی ملبوسات ڈیزائن کئے جنہوں نے اپنی زندگی کے بیشتر حصہ منیش ملہوترا کے ڈیزائن کئے ملبوسات زیب تن کئے لیکن اس کے باوجود یو اے ای میں مقیم پاکستانی ڈیزائنر کو پسند کیا۔
تاہم یہ پہلی بار ہوا ہے کہ سرحد پار سے شاہ رخ خان جیسے ستارے نے پاکستانی ڈیزائنر کا بنایا ہوا لباس اور شیروانی زیب تن کیا- فراز منان کی پھولوں کی شکلوں اور ہندسی اشکال سے کڑھائی کی گئی شیروانی کو برصغیر پاک و ہند میں کافی پسند کیا گیا۔
یاد رہے شاہ رخ خان آج کل اپنے بیٹے آریان خان کے تنازعہ کی وجہ سے کافی پریشان ہیں اور میڈیا میں ان پر اچھی خاصی تنقید کی جا رہی ہے- ایسے میں ایسا اشتہار ان کی اپنی شہرت کو بچانے میں کافی مدد گار ثابت ہو سکتا ہے-
Leave a Reply to RogerAlida Cancel reply